زخمی فلسطینی اور غیر ملکی شہریوں کے انخلاء کیلئے رفاہ بارڈر دوبارہ کھل گیا

Published On 07 November,2023 06:38 am

غزہ: (دنیا نیوز) مصری حکام کی جانب سے غیر ملکی شہریوں اور زخمی فلسطینیوں کے انخلاء کیلئے رفاہ بارڈر کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق رفاہ بارڈر سے اب تک 90 سے زائد فلسطینی زخمیوں کو مصر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ مصری حکام کا کہنا کہ غزہ سے آج تیمارداروں سمیت 13 زخمی رفاہ کراسنگ سے مصر آئے ہیں، ایمبولنس پر اسرائیلی حملے کے بعد رفاہ کراسنگ کو بند کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پرایک رات میں ڈھائی ہزار حملے، مزید280 فلسطینی شہید

عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ غزہ کے 33 میں سے 16 ہسپتال اسرائیلی بمباری کے باعث بند ہو چکے ہیں جبکہ باقی ہسپتالوں پر بھی شدید دباؤ ہے اور ایندھن کی شدید قلت کے باعث ہسپتالوں میں انکیوبیٹرز اور دیگر طبی آلات چلانا مشکل ہو رہا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے ہسپتالوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، صیہونی فضائیہ غزہ میں موجود پانی کے کنوؤں اور بیکریوں کو بھی چن چن کر نشانہ بنا رہی ہے تاکہ غزہ کے باسیوں کی زندگی مزید اجیرن ہو جائے اور وہ علاقے کو خالی کر دیں۔