نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں فلسطین اور اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کے حق اور مخالفت میں قرار دادیں پیش کر دی گئیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں جنگ بندی سے متعلق دو مختلف قرار دادیں پیش کی گئیں، فلسطین نے جنگ بندی کے حق میں قرار داد پیش کی جبکہ اسرائیل کی قرارداد میں جنگ بندی کی مخالفت کی گئی ہے۔
دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کی رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات ہوئی ہے، دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال پر بات چیت کی۔
فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا تھا کہ غزہ کو مغربی کنارے سے الگ کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت روکنے میں کردار ادا کرے۔
قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا کے درمیان بھی ملاقات ہوئی جس میں سٹریٹجک معاملات سمیت ایرانی خطرے پر بات چیت کی گئی۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حماس کی قید میں موجود 3 یرغمالی مارے گئے، ہلاک ہونے والوں میں 2 اسرائیلی فوجی اور ایک شہری شامل تھے، فوج کے ترجمان ڈینیل ہاگری نے غلطی سے اپنے شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف بھی کیا ہے۔
غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیل کے الجزیرہ ٹی وی کی ٹیم پر ڈرون حملے میں کیمرہ مین جاں بحق ہوگیا، حملہ جنوبی غزہ میں سکول پر اسرائیلی حملے کی کوریج کے دوران ہوا۔