غزہ: (دنیا نیوز) ہٹ دھرم اسرائیل کی جانب سے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 180 افراد کو شہید کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ کے نہتے اور معصوم لوگوں پر وحشیانہ وار کیے جا رہے ہیں، قابض صیہونی افواج نے تازہ حملوں میں رفاہ کی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جہاں 20 افراد شہید ہو گئے، مقبوضہ مغربی علاقے جنین میں ہسپتال اور مساجد پر بھی بم برسائے گئے جس کے نتیجے میں 12 شہری جام شہادت نوش کر گئے۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر اور بیٹے کو کھونے والی خاتون نے اسرائیلی بربریت کی رُوداد بیان کر دی
اسرائیل کی جانب سے کمل عدوان ہسپتال کے عملے کو ہسپتال سے باہر نکال کر ہسپتال خالی کروا دیا گیا، اسرائیلی فوج کی بمباری سے غزہ کا ٹیلی کمیونیکیشن نظام تباہ ہو گیا، اسرائیلی حملوں میں 7 اکتوبر کے بعد شہید ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 18 ہزار 787 ہو گئی جبکہ 50 ہزار 897 افراد زخمی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں مختلف کارروائیوں کے دوران 300 کے قریب افراد شہید اور 2 ہزار سے زائد کو زخمی کر دیا، فلسطینی پرزنر سوسائٹی کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج 7 اکتوبر سے اب تک 4 ہزار سے زائد لوگوں کو گرفتار کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینی طالبعلموں کی تعداد 3700 سے زائد ہو گئی
دوسری جانب یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ نے جنیوا میں پریس کانفرنس کے دوران ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے لوگوں کو امداد کی فوری ضرورت ہے، عورتیں، بچے اور معصوم شہری بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں، سلسلہ بند ہونا چاہیے۔