نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں بچے کی جانب سے باغ سے پھول توڑنے پر اس کی ماں کی ناک کاٹ دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی ناک کاٹنے کا افسوسناک واقعہ بھارت کی ریاست کرناٹک کے گاؤں بسورتے میں پیش آیا جہاں سوگندھا مور نامی خاتون کو باغ کے مالک کلیانی مور نے صرف اس بات پر تشدد کا نشانہ بنایا اور ناک کاٹ دی کہ اس کے بچے نے کچھ پھول توڑے تھے۔
سفاک شخص نے خاتون کو بالوں سے پکڑ کر بھی گھسیٹا اور غصے میں آکر ان کی ناک کاٹی، زیادہ خون بہنے کے باعث خاتون کی حالت غیر ہو گئی، اہل محلہ نے سوگندھا مور کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
ڈاکٹرز کی محنت اور توجہ سے سوگندھا مور کی جان تو بچ گئی لیکن اس کا چہرہ ہمیشہ کیلئے خراب ہو گیا ہے اور غریب کے پاس پلاسٹک سرجری کے بھی پیسے نہیں۔
دوسری جانب کلیانی مور کا کہنا ہے کہ سوگندھا مور کے بچوں نے اس کے باغ میں داخل ہوکر قیمتی پھول توڑے اور پودوں کو نقصان پہنچایا جس پر ماں نے بچوں کو سمجھانے کے بجائے حوصلہ افزائی کی۔
سوگندھا مور نے سفاک شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جس پر کلیانی مور گھر بار چھوڑ کر فرار ہوگیا، پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپہ مار کارروائی کر رہی ہے۔