دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے سفارتی امور کے مشیر انور قرقاس نے کہا کہ اسرائیل کیساتھ تعلقات کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جنگ کے تین ماہ مکمل ہونے پر متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا فیصلہ سٹریٹیجک نوعیت کے فیصلے کی بنیاد پر قائم کیے تھے، اس لیے انہیں غزہ میں جاری جنگ کے باوجود اور ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
صدر امارات کے سفارتی امور کے لیے مشیر انور قرقاش نے دبئی میں ایک کانفرنس کے دوران کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا فیصلہ سٹریٹجک بنیادوں پر لیا گیا تھا اور سٹریٹجک نوعیت کے فیصلے جلدی تبدیل نہیں کیے جاتے بلکہ یہ طویل مدتی فیصلے ہوتے ہیں، اس لیے فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے ساتھ اسرائیلی جنگ کا ان تعلقات پر کوئی اثر نہیں ہو سکتا۔
مشیر برائے سفارتی امور کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ سٹریٹجک بنیادوں پر کیے گئے اس فیصلے کی راہ میں کئی رکاوٹیں آئیں گی، جیسا کہ ہم اس وقت بھی ایک بڑی رکاوٹ کا سامنا کر رہے ہیں تاہم اس رکاوٹ کے ساتھ ہمیں نمٹنا ہو گا۔
واضح رہے بعض عرب ملکوں نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔ یہ تعلقات غزہ میں جنگ کے باوجود جاری رہے ہیں، ان ملکوں میں سے امارات اور بحرین نے ابراہم معاہدے کے تحت اسرائیل کے ساتھ 2020 میں تعلقات قائم کیے تھے۔