غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل اور حماس کے مابین سات ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے دوران اب تک فلسطینی شہادتوں کی تعداد 35ہزار 233 ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ اور رفح پر حملوں میں گز شتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 60 افراد شہید ہوگئے، جس کے بعد مجموعی شہادتوں کی تعداد 35ہزار 233 تک پہنچ گئی ہے جبکہ غزہ کی پٹی میں اب تک 79,141 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی افواج نے غزہ کے شہر رفح کے دور دراز جنوب کے ارد گرد حماس کے مزاحمت کاروں سے لڑائی اور ان پر بمباری کی ہے لیکن شمالی اور وسطی علاقوں میں جھڑپیں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں جہاں اسرائیلی فوجی مہینوں پہلے داخل ہوئے تھے۔
دوسری جانب رفح میں اسرائیلی ٹینکوں پر ڈرامائی حملے کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی، ٹینک کے نیچے بارودی سرنگ نصب کرکے راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔
ادھر جنوبی لبنانی علاقے پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کا سینئر کمانڈر شہید ہوگیا، حزب اللہ نے جوابی حملے میں اسرائیل کے میرون فوجی اڈے پر درجنوں راکٹ برسا دیے۔
یمن کے حوثی باغیوں نے بھی بحیرہ احمر میں امریکی جنگی جہاز پر کامیاب میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی طرف سے فلسطینی ریاست کو مکمل رکنیت دینے کی منظور کی گئی قرار داد کو مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 193 ارکان میں سے 143 ارکان نے جمعہ کے روز فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر رکنیت دینے کی حمایت کی تھی۔
دوسری جانب آئرلینڈ رواں ماہ فلسطین کو ریاست تسلیم کر لے گا جبکہ سلووینیا اور سپین کا بھی رواں ماہ ہی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا ارادہ ہے۔