اوسلو: (دنیا نیوز) عالمی عدالت انصاف میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کیلئے دائر مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں 35 ہزار سے زائد معصوم انسانوں کی جانیں لینے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے گرد گھیرا مزید تنگ ہو گیا ہے، ناروے نے جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر نیتن یاہو کی گرفتاری کا اعلان کر دیا ہے۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارٹھ ایڈی نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر اگر عالمی عدالت انصاف نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تو ناروے دونوں کو گرفتار کر لے گا۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر ہیگ ٹریبونل کی جانب سے نیتن یاہو اور گیلنٹ کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا جاتا ہے تو ہم انہیں گرفتار کرنے کے پابند ہوں گے، عدالت ہی فیصلہ کرتی ہے کہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں یا نہیں، وارنٹ پر تمام ممالک کو عمل کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ فرانس اور بیلجیئم نے بھی گزشتہ روز بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی طرف سے اعلیٰ اسرائیلی حکام اور مزاحمتی رہنماؤں کیخلاف وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔
آئی سی سی کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ ہم وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوو گیلنٹ کیخلاف آئی سی سی کے پری ٹرائل چیمبر I کے سامنے وارنٹ گرفتاری کیلئے درخواستیں دائر کر رہے ہیں۔