اسرائیل کو حماس کیخلاف کارروائیوں کا حق حاصل ہے : امریکا

Published On 28 May,2024 08:53 am

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے اسرائیل کے غزہ پر حملوں کو جائز قرار دیدیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رفح کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے پر امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ اسرائیل کو حماس کے خلاف کارروائیوں کا حق حاصل ہے۔

نے بیان میں جان کربی کا کہنا تھا ہم سجھتے ہیں کہ رفح حملے میں حماس کے دو سینئر ارکان مارے گئے، دونوں حماس ارکان اسرائیلی شہریوں پر حملوں کے ذمہ دار تھے۔

انھوں نے کہا اسرائیل کو شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن احتیاط کرنی چاہیے،  اسرائیلی فوج سے رابطے میں ہیں، اسرائیل رفح حملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

دوسری جانب پیرس، نیویارک، بارسلونا، تیونس اور مانچسٹر سمیت دنیا کے مختلف شہروں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کیے گئے، مظاہرین نے عالمی برادری سے اسرائیل پر سخت پابندیوں کا بھی مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات اسرائیلی فوج کے رفح پناہ گزین کیمپ پر حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے تھے، اسرائیلی افواج نے بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا، اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور بیشتر افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

غزہ پر سات اکتوبر سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت میں سات ماہ سے زیادہ عرصے کے دوران جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد36 ہزار سے زائد ہو چکی ہےجبکہ زخمیوں کی تعداد 81 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔