ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ انسانی حقوق نے بنگلا دیش میں حالیہ طلبا مظاہروں کے حوالے سے بد امنی پر مبنی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کے حالیہ احتجاجی مظاہروں اور فسادات میں 600 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، 16 جولائی سے 4 اگست کے احتجاج کے دوران 400 افراد جان سے گئے جبکہ 5 سے 6 اگست کے دوران ہونے والے مظاہروں میں 250 افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بنگلادیشی مظاہرین، راہ گیر، صحافی اور سکیورٹی اہلکار شامل ہیں جبکہ حالیہ فسادات میں ہزاروں مظاہرین اور راہ گیر بھی زخمی ہوئے تاہم احتجاج میں ہلاک افرادکی تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلادیشی سکیورٹی فورسز نے مظاہرین سے نمٹنے کیلئے غیر ضروری تشدد کیا، بنگلادیشی سکیورٹی فورسز کے تشدد میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شفاف، غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت ہے، طلباء کے احتجاج میں اب تک میڈیا پر 300 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی تھیں۔