ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس کی اسمبلی میں شاہ کریم الحسینی آغا خان چہارم کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
قرارداد پاکستانی نژاد امریکی رکن اسمبلی سلیمان لالانی کی جانب سے پیش کی گئی، قرار داد میں پرنس کریم آغا خان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ پرنس کریم آغا خان کا انتقال 4 فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا، ان کی عمر 88 برس تھی، پرنس کریم آغا خان نے اپنی زندگی پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے میں صرف کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے
پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے نئے امام ہوں گے، وہ مجموعی طور پر کمیونٹی کے 50 ویں امام ہوں گے جس کا اعلان امام کی فیملی اور جماعت کے سینئر ممبرز کے سامنے لزبن میں کیا گیا۔
پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں پرنس رحیم آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کا 50 واں امام نامزد کیا تھا۔