منیلا: (ویب ڈیسک) جنوبی فلپائن میں چھوٹا طیارہ کھیتوں میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
فلپائن میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا کہ گرنے والے طیارے کا تعلق امریکی فوج سے تھا، امریکی سفارت خانے کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ کنٹریکٹ پر امریکی فوج کے زیر استعمال تھا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی سفارت خانے نے طیارہ حادثے سے متعلق مزید معلومات نہیں دیں تاہم سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کی انڈو پیسیفک کمانڈ اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری کرے گی۔
دوسری جانب فلپائن کے حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ طیارہ گرنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، طیارہ گرنے سے کھیت میں موجود ایک بھینس بھی ہلاک ہوگئی۔