اسرائیلی فورسز کی بربریت نہ رُکی، 24 گھنٹے میں مزید 45 فلسطینی شہید

Published On 26 April,2025 08:20 pm

غزہ: (دنیا نیوز) صیہونی فورسز کی غزہ کے مظلوم فلسطینیوں پر وحشیانہ دہشتگردی جاری، 24 گھنٹے میں اسرائیلی حملوں سے 45 افراد شہید، متعدد زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے میں گھر پر بمباری کی جس سے 4 فلسطینی شہید ہو گئے، جنوب میں رہائشی عمارت پر صیہونی حملے سے 30 افراد ملبے تلے دب گئے۔

وسطی شہر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 13 فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہوئے، غزہ میں شہدا کی تعداد 51 ہزار439 ہوگئی، 1 لاکھ 17 ہزار 416 فلسطینی زخمی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ انکلیو میں امدادی ذخیرہ مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے، ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق اسرائیل غزہ میں خوراک کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

یو این رہنما کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ کی ناکہ بندی کو 50 دن سے زائد ہو چکے ہیں۔