اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، یحییٰ سنوار کے بھائی سمیت 144 فلسطینی شہید

Published On 19 May,2025 03:12 am

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کا وحشی پن ختم نہ ہو سکا،غزہ کے مختلف علاقوں پر تازہ بمباری سے ایک روز میں مزید 144 فلسطینی جان سے گئے۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خان یونس میں اسرائیل کی خیموں پر بمباری سے حماس کے سابق سربراہ یحییٰ سنوار کا دوسرا بھائی شہید ہوگیا، یحییٰ سنوار کے شہید بھائی زکریا سنوار کا جسد خاکی ملنے کی تصدیق کر دی گئی،زکریا سنوار غزہ کی اسلامی یونیورسٹی میں پروفیسر تھے، زکریا سنوار کے بیٹے بھی اسرائیلی حملوں میں لقمہ اجل بن گئے۔

رپورٹس میں کہا گیا کہ سیف زون المواسی کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 36 فلسطینی شہید ہوگئے، صیہونی جارحیت میں شہدا کی مجموعی تعداد 53 ہزار 339 ہو گئی، 1 لاکھ 21 ہزار 34 فلسطینی زخمی ہو چکے۔

اسرائیلی حملوں میں مزید 3 صحافی بھی لقمہ اجل بن گئے، شہید صحافیوں کی مجموعی تعداد 230 تک جا پہنچی، صیہونی فوج کی غزہ سرحد کی ناکہ بندی جاری رہی۔

امدادی سامان اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی، تمام ہسپتال طبی خدمات سرانجام دینے سے قاصر ہوگئے۔