طیارے گرنے کا اعتراف، سابق فوجی افسر کا بھارتی ایئرچیف سے مستعفیٰ ہونیکا مطالبہ

Published On 01 June,2025 06:41 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کے سابق افسر اور دفاعی تجزیہ ماہر پراوین ساہنی نے بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے بیان میں پراوین ساہنی نے کہا کہ جنرل انیل چوہان کا یہ اعتراف کہ بھارتی فضائیہ کے طیارے دو دن تک گراؤنڈ رہے ان کے مستعفی ہونے کے لیے کافی ہے، بھارتی فضائیہ کے طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کرنے کے بعد مودی سرکار کو نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور ائیر چیف کا تقرر کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا انیل چوہان وار فیئر کو سمجھنے کی اہلیت نہیں رکھتے، پاک فضائیہ نے جنگ کے آغاز میں ہی فضا میں برتری حاصل کر لی تھی جس نے جنگ کا نتیجہ متعین کر دیا تھا۔

پراوین ساہنی کا کہنا تھا کہ جب سے مودی اقتدار میں آئے ہیں، بھارتی فضائیہ تنزلی کی طرف گامزن ہے، بھارت کو ایسی سرکار کی ضرورت ہے جو جدید جنگوں کو سمجھتی ہو، ایسے اعترافات کے بعد بھی آپریشن سندور کی کامیابی کا دعویٰ کرنا عجیب ہے۔

بھارتی افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ کے دوران بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ بھارتی فضائیہ نے لڑاکا طیارے کھوئے ہیں تاہم انہوں نے واضح طور پر تعداد بتانے سے گریز کیا اور اس بات پر زور دیا کہ طیارے گرنا اہم نہیں، یہ جاننا ضروری ہے کہ وہ کیوں گرے۔