بیٹی بچاؤ کے دعویدار مودی بی جے پی رہنماؤں کے ریپ کیسز پر خاموش کیوں؟ کانگریس

Published On 02 June,2025 10:56 am

نئی دہلی : (دنیا نیوز) انڈین نیشنل کانگریس نے سوال کیا ہے کہ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ لگانے والے وزیراعظم نریندر مودی بی جے پی کے رہنماؤں کے ریپ کیسز پر خاموش کیوں ہیں؟

انڈین نیشنل کانگریس کی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد نے پریس کانفرنس کی ہے کہ بی جے پی کے ایم ایل اے راج کشور کیسری پر 2010 میں ریپ کے الزامات ہیں، اس وقت گجرات کے وزیراعلیٰ مودی نے ان کا دفاع کیا، اسی طرح ہریانہ کے سابق وزیر کھیل سندیپ سنگھ پر بھی جنسی ہراسانی کا الزام ہے اور اس پر بھی بی جے پی نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

ڈاکٹر شمع محمد نے کہا کہ اولمپک میڈلسٹ کھلاڑیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والے برج بھوشن شرن سنگھ کو بی جے پی نے بچایا، جنسی ہراسانی کے الزامات بی جے پی لیڈرز پر ہیں مگر ایکشن صفر ہے، اس طرح بیٹیوں کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے؟

ڈاکٹر شمع محمد کا کہنا تھا کہ مودی کا پیغام ہے کہ ریپسٹ پارلیمنٹ کے اندر اور متاثرین جیل کے اندر بھیجے جائیں گے، عوام نہیں بھولے کہ کیسے بلقیس بانو کے ریپسٹ کو رہائی پر مالا پہنائی گئی اور الیکشن مہم میں تقریر کے لیے بھی خصوصی طور پر بلایا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اسی طرح منی پور میں جب عورتوں کے ریپ ہوئے تو ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی اور جب وہاں کی گورنر نے شکایت کی تو اسی کو نکال دیا گیا، بہار میں جو کچھ ہورہا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، لیکن مودی خاموش ہیں۔