برسلز : (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ جرائم کی بین الاقوامی عدالت کی نہ صرف حمایت جاری رکھے گی بلکہ اس کی حفاظت بھی کرے گی۔
اس عزم کا اعادہ یورپین یونین کی جانب سے اس کی خارجہ و سیکیورٹی امور کی سربراہ و نائب صدر یورپی کمیشن کاجا کلاس نے اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ دنیا بھر میں ہونے والے سنگین ترین جرائم کے پیش نظر انصاف کو برقرار رکھتا ہے، اس لیے اسے اپنے اصولوں پر قائم رہنے کیلئے ہر طرح کے دباؤ سے آزاد رہنا چاہیے، ہم ہمیشہ اس کے اس اہم کام کی حمایت جاری رکھتے ہوئے اس کی آزادی کی حفاظت کریں گے۔
یاد رہے کہ ان کا یہ بیان گزشتہ روز امریکی حکام کی جانب سے اس کے پراسیکیوٹر جنرل کریم خان پر پابندیوں کے بعد اس کے چار ججوں کے خلاف پابندیوں کے نئے فیز کے بعد سامنے آیا ہے، کریم خان کا جرم یہ تھا کہ انہوں نےاسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف جنگی جرائم میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔
اس کے بعد سے امریکا نے نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے خلاف باقاعدہ محاذ کھول کر اس کے عملے کے خلاف اقدامات شروع کر رکھے ہیں، اب امریکہ نے ایک قدم آگے بڑھ کر عدالت کے 4 ججوں کے خلاف بھی پابندیاں عائد کردی ہیں۔