لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی بادشاہ شاہ چارلس، برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر، روسی اور فرانسیسی صدور سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے بھارتی شہر احمد آباد میں طیارے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔
برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا ایکس پر جاری پیغام میں بادشاہ چارلس کا کہنا تھا کہ انہیں احمد آباد میں ہونے والے طیارہ حادثے کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا، شاہ چارلس نے طیارے حادثے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ اس خوفناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے دعا گو ہیں۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے واقعے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جائے حادثہ کے مناظر کو تباہ کن قرار دیا، سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے لکھا کہ لندن کے لیے اڑان بھرنے والے طیارے میں کئی برطانوی شہری سوار تھے، انہوں نے کہا کہ تمام تر صورت حال سے انہیں آگاہ کیا جارہا ہے۔
یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا وان نے کہا کہ وہ حادثے کا شکار افراد کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں یورپ بھارتی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ان کی ہمدردیاں طیارہ حادثے کے متاثرین کے ساتھ ہیں، فرانسیسی صدر میکرون کا کہنا تھا کہ احمدآباد میں طیارہ گرنےکے افسوسناک حادثےکا علم ہوا، دکھ کے ان لمحات میں میری دلی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز اور آئرلینڈ کے وزیراعظم مائیکل مارٹن نے طیارے حادثےکی خبر کو افسوس ناک قرار دیا۔ بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے بھارت کو کسی بھی قسم کی مدد کی پیشکش بھی کردی۔
خیال رہے کہ آج صبح بھارتی شہر احمد آباد میں سرکاری ائیر لائن ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار 242 مسافروں میں سے 241 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسافر معجزاتی طور پر محفوظ رہا۔