احمد آباد: (دنیا نیوز) بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں سوار عملے کے12 اراکین سمیت 265 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسافر بچ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کیلئے روانہ ہوئی تھی، حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا، طیارے میں دو پائلٹ اور عملے کے 10 ارکان سمیت 242 افراد سوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے شکار طیارے میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی، 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہوا جس کے باعث 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، طیارہ حادثے کے بعد جائے حادثہ کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے۔
— BNO News (@BNONews) June 12, 2025
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ حادثہ بھارتی وقت کے مطابق 1 سے 2 بجے کے درمیان پیش آیا اور حادثے کے بعد احمد آباد ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
فلائٹ ریڈار کے مطابق اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
— Flight Emergency (@FlightEmergency) June 12, 2025
بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل ایک بج کر 39 منٹ پرکیپٹن نے مے ڈے کی کال دی، حادثے کا شکار بوئنگ 787 طیارہ 11 سال پرانا تھا۔
احمد آباد ایئرپورٹ پروازوں کیلئے بند
بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ہوائی اڈے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایئرانڈیا کے طیارے کے حادثے کے نتیجے میں سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈہ اس وقت فعال نہیں ہے، تمام پروازوں کی آمد و رفت تا حکم ثانی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
— The-Pulse (@ThePulseIndia) June 12, 2025
امیت شاہ کی صوبائی حکومت کو تعاون کی یقین دہانی
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ، وزیر داخلہ اور پولیس کمشنر سے اس حادثے کے بارے میں بات کی ہے، انہوں نے مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
پروازوں کی ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کی جانب سے ’ ایکس’ پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایئر انڈیا کی پرواز AI171 کے احمد آباد سے لندن جاتے ہوئے حادثے کی اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں، ہمیں طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا تھا جو ٹیک آف کے چند سیکنڈ بعد کا تھا۔
نریندر مودی کا ہوابازی کے وزیر سے رابطہ
وزیر اعظم نریندر مودی نے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو کو فون کیا، ہوابازی کے وزیر احمد آباد روانہ ہو گئے ہیں تاکہ موقع پر امدادی کارروائیوں اور بچاؤ کے کام کی نگرانی کر سکیں۔
— Dr.Monika Langeh (@drmonika_langeh) June 12, 2025
وزارت شہری ہوابازی کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے ہدایت دی ہے کہ تمام ضروری امداد فوری طور پر فراہم کی جائے اور صورت حال سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے، تمام متعلقہ ایجنسیاں ہائی الرٹ رہیں اور مربوط کوششیں جاری ہیں۔
گجرات کے وزیراعلیٰ کی امدادی کارروائیوں کی ہدایت
گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ میں احمد آباد میں ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں، حکام کو ہدایت دی ہے کہ حادثے کے مقام پر فوری طور پر بچاؤ اور امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں اور زخمی مسافروں کے فوری علاج کے لیے جنگی بنیادوں پر انتظامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے گرین کوریڈور بنانے اور ہسپتال میں علاج کی تمام سہولتوں کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ہے۔
بھوپندر پٹیل نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی مجھ سے بات کی ہے اور طیارہ حادثے میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لیے این ڈی آر ایف ٹیموں اور مرکزی حکومت کی مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔