ٹرمپ کی نیتن یاہو سے اگلے ہفتے ملاقات: غزہ، ایران، سیاسی پریشانی پر بات متوقع

Published On 01 July,2025 10:39 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ پیر کو اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے، اس ملاقات میں غزہ میں جنگ کے خاتمے، جنگ بندی اور مغوی افراد کی رہائی کے حوالے سے گفتگو متوقع ہے۔

جب سے ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری 2025 میں دوسری بار صدر عہدے کا حلف اٹھایا ہے، یہ نیتن یاہو کا تیسرا دورہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ جمعہ کو کہا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگلے ہفتے کے اندر ہم جنگ بندی کا ہدف حاصل کرلیں گے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا تھا۔

دوسری طرف غزہ میں موجود تقریباً 50 مغوی اب بھی ہیں جن کا تعلق اسرائیل سے ہے۔ تاہم وہ زندہ ہیں یا مردہ، اس حوالے سے کسی کو کچھ معلوم نہیں؎

بظاہر لگتا ہے کہ ٹرمپ نیتن یاہو کے اقدامات سے خوش نہیں ہیں تاہم وہ اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ اور ایران سے جنگ میں مکمل ساتھ دیتے آ رہے ہیں، ان کو اسلحہ فراہم کر رہے ہیں حتیٰ کہ اسرائیل میں نیتن یاہو کے خلاف چلنے والے مقدمات کے خلاف بھی بیان جاری کرچکے ہیں۔

امریکا اسرائیل کو 510 ملین ڈالر کا اسلحہ دے گا

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اسرائیل کے لیے 510 ملین ڈالر کی نئی اسلحہ خریداری کی منظوری دی، جس میں 7,000 سے زائد JDAM گائیڈنس کٹس شامل ہیں، یہ معاہدہ اسرائیل کی غزہ اور ایران سے جنگوں میں استعمال کے لیے ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے کہا کہ امریکا اسرائیل کے لیے اپنی علیحدہ امداد جاری رکھے گا تاکہ وہ خود اپنا دفاع یقینی بنائے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اسرائیل اور حماس دونوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے لیکن نیتن یاہو کا دورہ اور 510 ملین ڈالر کا اسلحہ خریداری معاہدہ یہ پیغام ہے کہ امریکا اس خطے میں اپنا کردار مستحکم رکھنا چاہتا ہے۔