برطانوی پارلیمنٹ کے 60 ارکان کا فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا مطالبہ

Published On 13 July,2025 09:21 am

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی پارلیمنٹ کے 60 ارکان نے حکومت سے فلسطینی ریاست کو فوری تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

لیبر پارٹی کے 60 ارکان پارلیمنٹ نے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کو خط لکھ دیا جس میں مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھتے ہوئے فوری طور پر فلسطین کو ریاست تسلیم کرے۔

ارکان پارلیمنٹ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت اقوام متحدہ امدادی ایجنسی کے ذریعے غزہ میں امداد کی فراہمی کی حمایت کرے۔

حکمران جماعت لیبر پارٹی کے ارکانِ پارلیمنٹ نے خط میں اسرائیلی انسانی حقوق کے وکیل مائیکل سفارد کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو غزہ کے جنوبی کنارے کی جانب دھکیلا جا رہا ہے، تاکہ انہیں غزہ کی پٹی سے باہر بے دخل کرنے کی تیاری کی جا سکے، یہ عمل قابل مذمت ہے۔

 ارکانِ پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت اس عمل کی کھل کر مخالفت کرے اور عالمی برادری پر زور دے کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدام کرے۔

علاوہ ازیں برطانیہ میں فلسطین ایکشن گروپ پر پابندی کیخلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی، پولیس نے 40 سے زیادہ مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ فلسطین ایکشن گروپ پر پابندی کے خلاف گزشتہ ہفتے بھی احتجاج کیا گیا، گزشتہ ہفتے دوران احتجاج 29 افراد گرفتار کیے گئے تھے۔