شارجہ: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں قیام پذیر والد اور بیرونِ ملک مقیم بیٹی 35 سال سے زائد عرصے کے بعد شارجہ پولیس کی مدد سے دوبارہ مل گئے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ جذباتی کہانی اُس وقت شروع ہوئی جب لڑکی نے شارجہ پولیس کو ایک درخواست بھیجی، جس میں اس نے اپنے والد سے دوبارہ رابطہ قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی، خاندانی معاملات کے باعث ان دونوں کے درمیان دہائیوں سے رابطہ منقطع ہو چکا تھا۔
شارجہ پولیس نے فوری طور پر اس اپیل پر کارروائی کی اور ایک خصوصی ٹیم نے لڑکی سے رابطہ کیا، اس ملاقات کے لیے کسی اضافی کارروائی یا تقاضے کی ضرورت نہیں پڑی اور تمام سفری و قانونی کاغذات پولیس نے خود مکمل کیے۔
لڑکی کو متحدہ عرب امارات آنے کے لیے ٹکٹ فراہم کیا گیا اور ملاقات کے موقع پر سماجی معاونت کے ماہرین کو بھی موجود رکھا گیا تاکہ ماحول محفوظ اور جذباتی طور پر معاون ہو۔
شارجہ پولیس میں کمیونٹی پروٹیکشن اور پریوینشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر جنرل ڈاکٹر احمد سعید النعور نے کہا کہ یہ اقدام پولیس کی جانب سے معاشرے کے مختلف طبقات کی معاونت، خاندانوں کے ملاپ اور ان کے استحکام کو فروغ دینے کے عزم کی عملی مثال ہے۔
اسی طرح کا ایک اور جذبہ خیر سگالی حال ہی میں عجمان پولیس نے بھی دکھایا، جب اس نے ایک سری لنکن خاتون کی 40 سال پرانی خواہش پوری کرتے ہوئے اسے اُس اماراتی خاندان سے دوبارہ ملوا دیا، جس کے ساتھ وہ ماضی میں خدمات انجام دے چکی تھیں۔