برطانیہ میں ووٹ ڈالنے کے اہل افراد کی عمر 16 سال کرنے کا منصوبہ پیش

Published On 17 July,2025 08:57 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی حکومت نے شہریوں کے لیے ووٹ ڈالنےکی عمرکوکم کرنےکا منصوبہ پیش کردیا جس کے بعد انگلینڈ میں 16 اور17 برس کےافراد بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔

برطانوی نائب وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نوجوان پہلے ہی معاشرے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، نوجوان کام کرتے ہیں، ٹیکس دیتے ہیں، فوج میں خدمات انجام دیتے ہیں، نوجوانوں کاحق ہے کہ وہ اُن معاملات پر رائے دے سکیں جو اُنہیں متاثر کرتے ہیں، حکومت 16 اور 17 سال کے نوجوانوں کو ووٹ دینے کا حق دینےکا وعدہ پورا کررہی ہے۔

برطانوی وزیر برائے جمہوریت روشن آرا علی کا کہنا ہے کہ ووٹرکی عمرکم کرنےکامعاملہ نئے الیکشن بل کاحصہ ہوگا، اس تبدیلی کا مقصد نوجوانوں کی آواز کو سننا یقینی بنانا ہے، عمرکی حد کم ہونے سے 15لاکھ مزید افراد ووٹ ڈال سکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں ووٹ ڈالنے کی عمرپہلے ہی 16 برس ہے، برطانوی پارلیمنٹ انتخابات، انگلینڈ کےلوکل الیکشن اور ناردرن آئرلینڈ الیکشن کے لیے ووٹ ڈالنےکی عمر 18 برس ہے، برطانیہ میں 1969 میں ووٹ ڈالنےکی عمرکی حد کو 21 برس سےکم کرکے 18 برس کیاگیاتھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے لیے عمر کی حد 16 برس کرنا لیبر پارٹی کے منشور کا حصہ تھا لیکن اسے بادشاہ کی تقریر کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔