روس کا کیف پر ڈرون اور میزائل حملہ، 18 افراد ہلاک، 159 زخمی

Published On 01 August,2025 09:17 am

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روس نے فضائی حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور بچوں سمیت 159 زخمی ہوگئے۔

یوکرینی حکام کے مطابق روس نے کیف کے علاقے کراماٹورک میں رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا جس سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، کئی لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

کیف کے حکام نے بتایا کہ روسی حملے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔

کیف کے فوجی منتظم تیمور تکاچینکو نے بتایا کہ روسی بمباری سے کیف کے چار اضلاع میں 27 مقامات پر نقصان ہوا، امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کر رہی تھیں۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس نے کیف پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا جو قابل مذمت ہے، روس نے 300 ڈرون اور 8 میزائلوں سے حملے کیے۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ یہ حملہ یوکرینی ہوائی اڈوں، اسلحہ گوداموں اور ان کاروباروں کو نشانہ بنا کر کیا گیا تھا جو اس کے بقول کیف کے عسکری صنعتی نظام سے منسلک ہیں۔