ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں منشیات کی سمگلنگ کے جرم میں 7 افراد کو موت کی سزا دے دی گئی۔
سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ منشیات سمگلنگ کا جرم ثابت ہونے پر 7 افراد کو نجران میں سزائے موت دی گئی، سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں 3 ایتھوپین اور 4 صومالی باشندے شامل ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تمام مجرموں کے مقدمات میں باقاعدہ تفتیش کی گئی اور سزاؤں کا فیصلہ مجاز عدالتوں نے کیا، جس کی سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے توثیق کی اور پھر شاہی حکم کے بعد ان سزاؤں پر عملدرآمد کیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے مملکت میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو اسلامی قانون کے تحت سخت ترین سزائیں دی جائیں گی، جن میں سزائے موت بھی شامل ہے۔