گھانا: ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، وزیر دفاع اور وزیر ماحولیات سمیت 8 افراد ہلاک

Published On 06 August,2025 09:23 pm

اکرا: (دنیا نیوز) مغربی افریقی ملک گھانا میں ملٹری ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا، حادثے میں وزیر دفاع اور وزیر ماحولیات سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر نے دارالحکومت اکرا سے جنوبی شہر اوبواسی (Obuasi) کے لیے پرواز بھری تھی جو ایک اہم کان کنی کا مرکز ہے، دورانِ پرواز ہیلی کاپٹر کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا جس پر فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔

یہ حادثہ ملک کے جنوبی اشانتی (Ashanti) ریجن میں پیش آیا تھا، جہاں ہیلی کاپٹر کے ملبے سے اُٹھتا ہوا دھواں دور دیکھا گیا، تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا تاہم موسمی حالات بھی ایک وجہ سے ہوسکتے ہیں۔

گھانا کی فوج، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مشترکہ تحقیقات کر رہے ہیں۔

گھانا کے چیف آف اسٹاف جولیس ڈیبراہ نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں وزیرِ دفاع ایڈورڈ عمانے بواما اور وزیرِ ماحولیات ابراہیم مرتضیٰ محمد شامل ہیں، دونوں وزرا کے ساتھ ہلاک ہونے والوں میں دیگر 3 مسافر اور عملے کے 3 ارکان بھی شامل ہیں۔