قاہرہ: (ویب ڈیسک) عرب لیگ کونسل نے اسرائیل کی غزہ پر قبضے کے منصوبے کی شدید مذمت کر دی۔
عرب لیگ کی کونسل نے غزہ پر قبضہ کرنے اور وہاں کی آبادی کو جبراً بے دخل کرنے کے اسرائیلی حکومت کے فیصلوں اور منصوبوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر قبضہ کرنے کا اسرائیلی منصوبہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور عرب و علاقائی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کی کونسل نے مستقل مندوبین کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں اپنے مطالبے کی تجدید کی کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا، ان کے مقصد کو ختم ہونے سے بچانا اور عرب سربراہی کانفرنسز کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اعلامیہ میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیاجائے اور اقوامِ متحدہ کے تعاون سے زمینی، فضائی اور سمندری راستوں کے ذریعے امداد کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔
عرب لیگ نے غزہ میں بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے اسرائیلی اقدامات کی بھی شدید مذمت کی، جس کے باعث 200 شہری شہید ہوچکے ہیں، جن میں نصف بچے شامل ہیں جبکہ امداد کی تقسیم کے مقامات پر جمع ہونے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری میں 1500 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
عرب لیگ کی کونسل نے زور دیا کہ ریاستِ فلسطین کو غزہ، مغربی کنارے اور بیت المقدس کا انتظام سنبھالنے کا مکمل اختیار دیا جائے۔