نئی دہلی میں 4 سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی، طلبہ محفوظ مقام پر منتقل

Published On 19 August,2025 02:35 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) نئی دہلی میں 4 سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں ایک بار پھر سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد پولیس نے سکولوں کی عمارتیں خالی کرالیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی میں ای میل کے ذریعے چار سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، ان میں دہلی پبلک سکول، ماڈرن کانونٹ سکول، شری رام ورلڈ سکول اور ماڈرن سکول شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ دھمکیاں ملتے ہی پولیس نے بم ڈسپوزل سکواڈ کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی اور سکولوں کی عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سکولوں کو ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، طلبہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کرتے ہوئے والدین کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا، پولیس کے مطابق یہ دھمکی کا ای میل شرارتی عناصر کا بھی ہو سکتا ہے، لوکیشن اور نمبر کو ٹریس کیاجارہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں سکولوں کو بم کو اڑانے کی دھمکیاں ملنا ایک معمول بن گیا ہے، اس سے قبل بھی نئی دہلی کے متعدد سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل چکی ہیں، جو بعدازاں افواہ ثابت ہوئیں اور ابھی تک پولیس ان دھمکیوں میں ملوث کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔