ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے بھی یوکرین کی طرح سکیورٹی ضمانتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس نے مغربی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر یوکرین کو مستقبل میں سکیو رٹی ضمانتیں فراہم کی جا رہی ہیں تو روس کو بھی اسی نوعیت کی مؤثر اور قابلِ اعتماد سلامتی کی ضمانتیں دی جائیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق یہ بیان ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کے لیے روس کے مستقل مندوب میخائل اولیانوف نے اپنے ٹیلیگرام پیغام میں دیا۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے کئی رہنما اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ مستقبل کا امن معاہدہ یوکرین کے لیے قابلِ اعتماد سکیورٹی ضمانتیں فراہم کرے، روس اس سے متفق ہے، مگر یہ بھی اُتنا ہی حق رکھتا ہے کہ اسے بھی مؤثر سلامتی کی ضمانتیں دی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کی جانب سے روس کے ساتھ اس اہم نکتے پر بات چیت شروع نہ کرنا ایک سنگین غلطی ہے، ان کے مطابق ان ضمانتوں کو ’’نیٹو کی مشرق کی جانب عدم توسیع سے متعلق پرانی اور غیر مؤثر وعدوں‘‘ سے کہیں زیادہ مضبوط ہونا چاہئے۔