ٹرمپ ٹیرف نظر انداز: بھارت اور روس کے درمیان تجارت بڑھانے پر اتفاق

Published On 22 August,2025 10:55 am

ماسکو: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف سے ملاقات کے دوران روس بھارت تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

بھارت کو روسی تیل خریدنے پر امریکا کی طرف سے بلندترین ٹیرف کا سامنا ہے، اگر بھارت روس سے تیل کی خریداری نہیں روکتا تو بھارت پر اضافی 50 فیصد امریکی ٹیرف کا اطلاق اگلے ہفتے سے ہوگا۔

امریکا کی جانب سے بلند ترین ٹیرف کے باوجود بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے ماسکو میں روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کا کہنا تھا کہ توانائی وسائل کے لیے مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد میں ہمارا باہمی مفاد ہے، توانائی وسائل نکالنے کے منصوبوں میں روس کے مشرق بعید اور آرکیٹک شیلف کے علاقے بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں روس اور بھارت نے 2 طرفہ تجارت کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، تجارتی تعلقات میں وسعت کے لیے رکاوٹوں اور ریگولیٹری مسائل دور کرنا ضروری ہے۔

جےشنکر نے مزید کہا کہ فارماسیوٹیکل، زراعت اور ٹیکسٹائل میں روس کو برآمدات میں اضافہ کر رہے ہیں۔