ایران اور حماس کی یمن پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

Published On 25 August,2025 05:30 am

تہران: (دنیا نیوز) ایران اور حماس نے یمن پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ یمن میں انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے، مشرق وسطیٰ میں خوشحال ممالک کے خلاف اسرائیلی جارحیت ڈھکی چھپی نہیں، اسرائیل یمن کو غزہ میں صیہونی بربریت کے خلاف ڈٹنے پر نشانہ بنا رہاہے۔

حماس نے کہا کہ یمن کی شہری آبادی پر اسرائیلی حملےعالمی قوانین کی خلاف وزی ہیں، اسلامی ممالک کو اسرائیل کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت متعدد مقامات پر حملے کئے، اسرائیلی حملوں میں 6 شہری شہید جبکہ 100 کے قریب شدید زخمی ہوگئے تھے، شہدا اور زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

خبر ایجنسی نے بتایا تھا کہ اسرائیل نے فوجی تنصیبات اور میزائل گوداموں کو نشانہ بنا نے کا دعویٰ کیا ہے، متعدد پاور پلانٹس کو بھی فضائی حملوں میں تباہ کر دیا گیا۔