امریکی دارالحکومت میں فوج کی تعیناتی کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج

Published On 07 September,2025 09:02 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہزاروں افراد نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شہر کی سڑکوں پر فوج کی تعیناتی کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔

وی آر آل ڈی سی نامی احتجاجی مارچ میں تارکین وطن اور فلسطین کے حامی بھی شریک ہوئے، پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے فری ڈی سی اور ٹرمپ کے اقدام کے خلاف نعرے لگائے، انہوں نے حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ واشنگٹن پر قبضے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ فوج کو ہماری سڑکوں سے ہٹایا جائے، حکومت آمریت کے طرز پر اقدامات آزما رہی ہے اور یہی طریقہ بعد میں مزید علاقوں میں اپنایا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق 6 ریپبلکن اکثریتی ریاستوں سے بھیجے گئے اہلکاروں سمیت 2 ہزار سے زائد فوجی شہر کی سڑکوں پر تعینات ہیں، ان کے قیام کی مدت فی الحال غیر واضح ہے تاہم امریکی فوج نے ڈی سی نیشنل گارڈ کی ڈیوٹی 30 نومبر تک بڑھا دی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ ماہ شہر میں جرائم کی شرح کا حوالہ دے کر فوج کی تعیناتی کا حکم دیا تھا لیکن محکمہ انصاف کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں واشنگٹن میں پرتشدد جرائم کی شرح گزشتہ 30 برسوں کی کم ترین سطح پر تھی۔