وزیر دفاع سیبسٹین لاکورنو فرانس کے نئے وزیراعظم نامزد

Published On 10 September,2025 06:47 am

پیرس: (دنیا نیوز) فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے وزیردفاع سیبسٹین لاکورنو کو نیا وزیراعظم نامزد کردیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 39 برس کے لاکورنو کے آج عہدہ سنبھالنے کا امکان ہے، انہیں مستعفی وزیراعظم بائرو کی طرح بجٹ منظوری کا سب سے بڑا چیلنج درپیش ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق فرانس کی پارلیمنٹ نے فرانسوآ بائرو کی حکومت پر عدم اعتماد ظاہر کیا تھا، ووٹنگ سے پہلے تقریر میں بائرو نے کہا تھا کہ ملک کا بڑھتا قومی قرضہ کفایت شعاری ہی سے کم کیا جاسکتا ہے اور یہ کہ انکا استعفیٰ اس مسئلے کاحل نہیں۔

یاد رہے کہ بائرو نے اگست میں واضح کیا تھا کہ ملک کا قرض ہر سیکنڈ میں 5 ہزار یورو کی شرح سے بڑھ رہا ہے اور 50 برسوں میں ایک بھی متوازن بجٹ پیش نہیں کیا جاسکا جس پر وزیر داخلہ برونو ریٹیلیو نے کہا تھا کہ فرانس تاریخ میں کبھی بھی اس قدر اقتصادی پستی کا شکار نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ میکرون اقلیتی حکومت بنانے کے لئے کوشاں ہیں، 577 رکنی قومی اسمبلی میں بائیں بازو کے بلاک کو اکثریت حاصل ہے مگر وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں۔

فرانس میں بجٹ کے معاملے پر ملک کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا بھی امکان ہے جس میں جلاؤ گھیراؤ کا خدشہ ہے۔