کنشاسا: (ویب ڈیسک) افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں 2 مختلف کشتیوں کو حادثات پیش آئے جس کے نتیجے میں 193 افراد جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتیوں کو حادثات ایکواٹور صوبے سے 150 کلومیٹر دور پیش آئے جس کے نتیجے میں 193 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 150 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
دریائے کانگو کے کنارے کولیلا علاقے میں ایک کشتی جس میں 500 افراد سوار تھے، اس میں آگ بھڑکنے کے بعد حادثہ پیش آیا جس کے بعد کشتی الٹ گئی۔
جمہوریہ کانگو کی وزارت انسانی امور کا کہنا ہے کہ کشتی الٹنے کے بعد ڈوبنے والے افراد میں سے 107 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 200 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا اور 150 کے قریب افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل صوبے ایکواٹور کے علاقے بسنکسو میں ایک موٹرائزڈ کشتی کے الٹنے سے کم از کم 86 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے زیادہ تر طالب علم تھے۔
اس حادثے میں بھی متعدد افراد لاپتہ ہوئے جن کی تلاش جاری ہے۔