منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن کے شمالی حصے میں سپر سمندری طوفان ’’راگاسا‘‘ کے باعث تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کے پیش نظر 10 ہزار سے زائد افراد کو سکولوں اور ایمرجنسی مراکز سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان ’’راگاسا‘‘ فلپائن کے بابویاں جزائر سے ٹکرانے کی توقع ہے، یہ ویران جزائر تائیوان کے تقریباً 740 کلومیٹر جنوب میں واقع ہیں اور وہاں بھی انخلا جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح کے وقت طوفانی ہواؤں کی رفتار 215 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی اور بعض اوقات ان کی رفتار 265 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی اور یہ مغرب کی سمت بابویاں جزائر کی طرف بڑھ رہا ہے۔
کگایان صوبے کے ڈیزاسٹر چیف روئیلی ریپ سنگ نے کہا کہ ان کی ٹیم ممکنہ’’بدترین صورتحال‘‘ سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، تائیوان میں محکمہ موسمیات نے ملک کے مشرقی حصے میں انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے باعث طوفان زیادہ طاقتور ہو رہے ہیں۔