نیویارک: (دنیا نیوز) فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ اسرائیلی بربریت پر عالمی خاموشی انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے۔
اقوام متحدہ سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس نے عالمی برادری سے غزہ جنگ بندی کیلئے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا، اقوام متحدہ سے خطاب میں فلسطینی صدر نے اسرائیلی مظالم کو بے نقاب کیا۔
فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قبضہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، غزہ میں نسل کشی ہو رہی ہے، دنیا صرف دیکھ رہی ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد میں مکمل ناکام رہا۔
محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل کو جوابدہ بنانا ہوگا، ورنہ امن ممکن نہیں، دو ریاستی حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے، فلسطینی عوام پر مظالم روکنے کیلئے فوری عالمی اقدام کی ضرورت ہے۔
فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ دنیا فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرے، عالمی برادری کے دوہرے معیار نے ہمیں مایوس کیا، ہم پر جنگ مسلط ہے لیکن مزاحمت ہمارا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم انصاف، آزادی اور خودمختاری کا حق مانگتی ہے، دوسال سے اسرائیلی قابض فوج فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، اسرائیلی حکومت مغربی کنارے ناپاک منصوبے کو آگے بڑھا رہی ہے۔
محمود عباس نے کہا کہ غزہ میں مساجد، ہسپتالوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ جارحیت نہیں نسل کشی ہے۔