نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے آمرانہ اقدامات اور ریاستی جبر کے خلاف لداخ کے عوام ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
بھارتی جریدے دی وائر کے مطابق ایپکس باڈی لیہہ اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس نے اپنے دیرینہ مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ لداخ کو فوری طور پر ریاست کا درجہ دیا جائے اور اسے آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کیا جائے تاکہ عوام کو مکمل آئینی حقوق حاصل ہوں۔
مقامی قیادت نے وزارت داخلہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ لداخ میں حالات معمول پر ہیں، رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ایک بھرپور عوامی مارچ نکالا جائے گا تاکہ مودی سرکار کے خلاف عوامی آواز بلند کی جا سکے۔
مقامی رہنماؤں کے مطابق لداخ کے عوام انصاف اور آئینی حقوق کی فراہمی تک خاموش نہیں رہیں گے، مودی حکومت دھمکیوں، گرفتاریوں اور ریاستی تشدد کے باوجود عوامی تحریک کو دبانے میں ناکام رہے گی۔
دی وائر کے مطابق لداخ کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک سمیت گرفتار تمام افراد کی رہائی بھی مظاہرین کے اہم مطالبات میں شامل ہے، لیہہ میں احتجاج کے دوران بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے چار شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔