امریکا: بھارتی نژاد سابق مشیر قومی سلامتی ایشلے جاسوسی کے شبہ میں گرفتار

Published On 16 October,2025 09:55 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) بھارتی نژاد سابق امریکی قومی سلامتی مشیر ایشلے جے ٹیلِس کو جاسوسی کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی نژاد ایشلے جے ٹیلِس کو ایف بی آئی نے خفیہ دفاعی معلومات رکھنے اور چینی حکام سے مشتبہ ملاقاتوں کے الزام میں گرفتار کیا ہے، وہ امریکی حکومت کی بھارت، پاکستان اور جنوبی ایشیا کے بارے میں پالیسی بنانے میں کلیدی مشیر رہ چکے ہیں۔

سفارتی ماہرین کے مطابق جے ٹیلس کی گرفتاری نہ صرف واشنگٹن بلکہ بھارت کے لیے بھی ایک بڑا سفارتی دھچکا سمجھی جا رہی ہے۔

بھارتی شہر ممبئی میں پیدا ہونے والے ایشلے جے ٹیلِس نے شکاگو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی، امریکی شہریت حاصل کرنے کے بعد وہ نیشنل سکیورٹی کونسل اور محکمہ خارجہ میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے، وہ واشنگٹن میں بھارت نواز پالیسی کے معماروں میں شامل تھے۔

امریکی ادارے ایف بی آئی کے مطابق تلاشی کے دوران ٹیلِس کے گھر سے ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل خفیہ دفاعی دستاویزات برآمد ہوئیں، جن میں امریکی فضائیہ کے طیاروں کی صلاحیتیں، حکمتِ عملی اور عسکری منصوبے شامل تھے۔

رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ نگرانی کی ویڈیوز میں انہیں محکمہ دفاع اور محکمہ خارجہ کی عمارتوں سے فائلیں پرنٹ کرتے اور چھپا کر لے جاتے ہوئے دکھایا گیا، امریکی اداروں کے مطابق چینی حکام سے متعدد خفیہ ملاقاتوں میں وہ شریک ہوتے رہے، جہاں کبھی انہیں لفافے اور کبھی تحفے کے بیگ دیے جاتے تھے۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق تاحال یہ ثابت نہیں ہوا کہ ٹیلِس نے کوئی معلومات منتقل کیں، تاہم خفیہ معلومات کی غیر مجاز تحویل ایک سنگین جرم ہے، اگر جرم ثابت ہوا تو ٹیلِس کو دس سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

امریکی ریاست مشرقی ورجینیا کی اٹارنی لنڈسے ہالیگن نے کہا کہ ہم امریکی عوام کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

رائٹرز کے مطابق ٹیلِس کی گرفتاری سے بھارت امریکی تھنک ٹینک حلقے بھی سکتے میں ہیں، جہاں وہ برسوں سے بھارت امریکہ تعلقات پر کلیدی آواز سمجھے جاتے تھے، قانونی ماہرین نے رائے دی ہے کہ یہ کیس پورے امریکی نظام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے جہاں غیر ملکی نژاد ماہرین کو حساس معلومات تک رسائی حاصل ہے۔

سفارتی ذرائع نے کہا ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پر ہوا ہے جب امریکہ اور بھارت کے تعلقات پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہیں، امریکہ پہلے ہی بھارت پر روسی تیل کی خریداری اور ماسکو کے ساتھ معاشی تعلقات کے حوالے سے عدم اعتماد کا اظہار کر چکا ہے،واشنگٹن سمجھتا ہے کہ بھارت نے یوکرین جنگ کے دوران روس سے سستا تیل خرید کر امریکی پابندیوں کو عملی طور پر کمزور کیا۔

واضح رہے کہ اس وقت کملا ہیرس، رچرڈ ورما، نیشا بسوال جیسے بھارتی نژاد امریکی شہری اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، اگر یہ تاثر بڑھا کہ بھارتی نژاد امریکی مشیر حساس معاملات میں قابلِ اعتماد نہیں، تو مستقبل میں امریکی پالیسی اداروں میں غیر ملکی پس منظر رکھنے والے ماہرین کے لیے دروازے محدود ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی شہری پہلے ہی امریکن ویزا پر پابندیوں کا شکار ہیں، یہ تازہ سکینڈل بھارتی نژاد امریکیوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر سکتا ہے۔