واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے شدید دباؤ پر بھارت نے روس سے تیل کی خریداری کم کردی۔
وائٹ ہاؤس حکام نے برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے روس سے تیل کی خریداری 50 فیصد کم کردی ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات تعمیری اور مفید رہے، مذاکرات کے نتیجے میں بھارتی ریفائنریوں نے روس سے تیل کی درآمدات میں پہلے ہی سے 50 فیصد کمی کردی ہے۔
بھارت مستقبل میں مکمل طور پر روس سے تیل کی خریداری روکے گا یا نہیں اس حوالے سے امریکی حکام نے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا، تاہم برطانوی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی ریفائنریاں روسی تیل پر انحصار ختم کرنے کی تیاری کر رہی ہیں اور خریداری میں کمی دسمبر سے ممکن ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر نے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں روس سے تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ بھارت کی جانب سے روسی تیل کی خریداری پر خوش نہیں تھے مگر اب یہ معاملہ طے ہوگیا ہے، امریکی صدر نے کہا کہ بھارت فوری طور پر روس سے تیل کی خریداری نہیں روک سکتا لیکن جلد ہی روک دے گا۔
دوسری جانب بھارت کی وزارت خارجہ نے بھارت کی جانب سے روسی تیل کی خریداری روکنے کے حوالے سے مودی اور ٹرمپ کے درمیان بات چیت کی تردید کردی ہے۔