نائجیریا: آئل ٹینکر حادثے کے بعد پھٹ گیا، 39 افراد ہلاک

Published On 22 October,2025 09:44 pm

ابوجا: (ویب ڈیسک) افریقی ملک نائجیریا میں آئل ٹینکر حادثے کے بعد اچانک دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد ہلاک ہو گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق یہ حادثہ نائیجریا کی وسطی ریاست نائجز میں پیش آیا جس میں کم از کم 39 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 60 شدید جھلس کر زخمی ہو گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئل ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گیا اور اس میں سے آئل نکل کر بہنے لگا، یہ دیکھ کر اردگرد کے لوگ وہاں جمع ہو گئے اور تیل اکٹھا کرنے پہنچے ہی تھے کہ اچانک آئل ٹینکر تیز دھماکے سے پھٹ گیا اور ٹینکر سمیت جہاں جہاں تیل پھیلا تھا، وہاں آگ لگ گئی۔

آگ نے قریب کھڑے افراد کو بھی اپنے گھیرے میں لے لیا اور اسپتال حکام کے مطابق کئی لاشیں ناقابل شناخت ہیں جب کہ زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

نائجر ریاست کے گورنر محمد عمرو باگو نے اس واقعے کو "تشویشناک، بدقسمتی اور افسوسناک” قرار دیتے ہوئے مرنے والے افراد لواحقین سے تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

نائجیریا میں سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ حال ہے، جس کے باعث یہاں گاڑیوں کا سلپ ہونا معمول بن چکا ہے اور یہ حادثہ بھی خراب سڑک کے باعث پیش آیا ہے۔