لندن: (دنیا نیوز) یوکرینی صدر روس پر بڑے حملوں کیلئے متحرک ہوگئے۔
یوکرینی صدرزیلنسکی نے برطانوی دورے کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اتحادی لانگ رینج میزائل حملوں کی حامی بھریں تو روس مذاکرات کی میز پرآسکتا ہے، امید ہے روس سے دوبارہ جنگ بندی مذاکرات کی شروعات ہوگی۔
صدر زیلنسکی کا مزید کہنا تھا کہ روس پر دباؤ بڑھانے کیلئے مغربی اتحادیوں کو مزید مؤثر ہتھیار فراہم کرنے چاہئیں، یوکرین نے امریکا سے طویل فاصلے کے ٹوماہاک میزائل مانگ رکھے ہیں۔
واضح رہے کہ یوکرین کے مسئلے پر امریکا اور اس کے اتحادیوں اور روس کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع روز بروز شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، یوکرین کی سرحد کے قریب بھاری تعداد میں روسی افواج موجود ہے۔
امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے روس اور اس کے صدر کے خلاف اقتصادی تعزیرات عائد کرنے کا انتباہ اور امریکا کی جانب سے آٹھ ہزار سے زیادہ فوجیوں کو الرٹ رکھنے کا فیصلہ ان خدشات میں اضافہ کر رہا ہے کہ اگر بات بڑھتی ہے تو یہ پوری دنیا کے لئے خطرناک ہو گا۔
یہ تنازع کہاں جا کر اور کیسے ختم ہوگا؟ اس بارے میں ماہرین حتمی طور پر کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں تاہم وہ یہ ضرور کہہ رہے کہ تمام فریق اپنے اپنے مؤقف پر مضبوطی سے جمے ہوئے ہیں اور اگر آنے والے دنوں میں اس مسئلے پر مزید بات چیت ہوتی ہے تو اس کے لیے اپنی اپنی پوزیشن کو مستحکم بنا رہے ہیں۔



