ٹرمپ کا یوکرینی صدر کو جنگ بندی کیلئے پیوٹن کی شرائط ماننے پر زور

Published On 20 October,2025 09:04 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی پر روسی صدر کی شرائط ماننے پر زور دیا۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے یوکرینی صدر کو روسی صدر پیوٹن کی دھمکی سے خبردار کردیا کہ اگر یوکرین نے روس کی شرائط نہیں مانی تو اسے تباہ کردیں گے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر زیلنسکی پر زور دیا کہ وہ مشرقی ڈونباس کا علاقہ روس کے حوالے کر دیں جبکہ یوکرینی صدر بھی ٹرمپ کو یوکرین میں موجودہ جنگی پوزیشن پر جنگ بندی کےلیے راضی کرنے میں کامیاب رہے۔

فنانشل ٹائمز نے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں فریق موجودہ جنگی پوزیشن پر جنگ بند کردیں جس کے بعد یوکرینی صدر نے اسے اہم نکتہ قرار دیا۔

فنانشل ٹائمز نے ملاقات میں شریک یورپی عہدیداروں کے حوالے سے اس ملاقات میں ٹرمپ زیادہ وقت گالیاں بکتے رہے، زیلنسکی کو سخت سست کہتے رہے اور روسی صدر پیوٹن سے ڈراتے رہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر کی یوکرینی ہم منصب سے 2 روز قبل وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی تھی۔

امریکی صدر نے  کہا تھا کہ اب خون خرابہ ختم کرنےکا وقت آگیا ہے، دونوں فریق خود کو فاتح قراردیں اور فیصلہ تاریخ پرچھوڑ دیں۔