ماسکو، کیف: (دنیا نیوز) روس نے یوکرین پر بڑا حملہ کرتے ہوئے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں کو نشانہ بنایا، جہاں سیکڑوں ڈرون اور میزائل برسائے گئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، جب کہ کئی رہائشی عمارتیں، فیکٹریاں اور طبی مراکز تباہ ہو گئے۔
یوکرین کی فوج کا کہنا ہے کہ روس نے ایک ہی رات میں 595 ڈرون اور 48 میزائل داغے، جن میں سے 568 ڈرون اور 43 میزائل مار گرائے گئے، اس بڑے حملے کا مرکزی ہدف کیف اور قریبی علاقے تھے۔
روسی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی کہ فوجی انفراسٹرکچر، فضائی اڈوں اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تاہم شہری علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی نے عالمی برادری سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ روس کی توانائی کی آمدنی کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں، کیونکہ انہی وسائل سے ماسکو اپنی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔
زیلنسکی کے مطابق اسرائیل سے ایک پیٹریاٹ میزائل سسٹم پہلے ہی مل گیا ہے جبکہ مزید دو سسٹم جلد پہنچنے کی امید ہے۔