کیف، ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرینی حکام نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر حملے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف ریجنز بشمول زاپورزہیا پر ڈرونز سے حملے کیے گئے جس میں تین بچوں سمیت 16 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے دعویٰ کیا کہ تازہ حملے میں سینکڑوں ڈرون اور میزائل استعمال کیے گئے ہیں۔
روس نے فی الحال اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے خبردار کیا تھا کہ روس صرف ان کے ملک پر حملہ کر کے نہیں رکے گا، اس لیے روس نیٹو میں مختلف ممالک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر کے ان کی فضائی طاقت جانچ رہا ہے۔
اقوامِ متحدہ سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ ان کا ملک یورپی یونین یا نیٹو کے رکن ممالک پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، لیکن ماسکو کے خلاف کسی بھی جارحیت پر فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
لاوروف کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی طرف سے روس کو دی جانے والی دھمکیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔