کرد عسکریت پسند ہتھیاروں سے دستبردار، ترکیہ سے انخلا کا اعلان

Published On 27 October,2025 01:54 am

انقرہ: (دنیا نیوز) کرد عسکریت پسندوں نے ہتھیاروں سے دستبردار ہو کر ترکیہ کے علاقوں سے انخلا کا اعلان کر دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق کرد عسکریت پسند تنظیم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) نے اتوار کو ترکیہ سے انخلا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترک حکومت کے ساتھ ہونے والے امن معاہدے کے تحت اپنے جنگجوؤں کو عراق منتقل کر رہے ہیں۔

یہ اعلان کردستان ورکرز پارٹی کی شمالی عراق میں تنظیم کو علامتی طور پر غیر مسلح کرنے کی چند ماہ قبل ہونے والی تقریب کے بعد ہوا ہے، کردستان ورکرز پارٹی کا کہنا ہے کہ اپنا اسلحہ تَرک کرنے کے عمل کے ایک حصے کے طور پر تنظیم ترکیہ سے دستبردار ہو رہی ہے۔

اس سلسلے میں ایک نیوز کانفرنس میں کرد تنظیم کردستان کمیونٹیز یونین کے رکن نے کہا کہ ترکیہ میں موجود تمام پی کے کے فورسز کو شمالی عراق کے علاقوں میں واپس بلایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی جھڑپ یا اشتعال انگیزی سے بچا جا سکے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ترک علاقوں سے کرد عسکریت پسندوں کا انخلا تخفیف اسلحہ معاہدے پر عمل درآمد کا نتیجہ ہے، کرد عسکریت پسندوں اور ترک فورسز میں جھڑپوں سے 40 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، کرد ملیشیا 1984ء سے ترکیہ کے خلاف تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہے۔