ترکیہ کا غزہ جنگ بندی کی نگرانی کیلئے قائم ’ٹاسک فورس‘ میں شمولیت کا اعلان

Published On 09 October,2025 09:38 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کی نگرانی کے لیے قائم کی جانے والی ’ٹاسک فورس‘ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔

بین الاقوامی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ انشا اللہ ہم اس ٹاسک فورس میں شامل ہوں گے جو معاہدے کے نفاذ کی نگرانی کرے گی۔

ترکیہ نے قطر، مصر اور امریکا کے نمائندوں کے ساتھ مصر کے شہر شرم الشیخ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے شرکت کی۔

رجب طیب اردوان نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کو جامع انسانی امداد فوری طور پر فراہم کرنا، قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ اور اسرائیل کی جانب سے حملوں کا فوری خاتمہ نہایت اہم ہے، صدر ترکیہ نے یہ وعدہ بھی کیا کہ ان کا ملک غزہ کی تعمیرِ نو کے عمل میں بھرپور تعاون کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امن معاہدے پر اتفاق، اسرائیل اور غزہ میں شہریوں کا جشن

واضح رہے کہ آج اسرائیل اور حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے پہلے مرحلے پر اتفاق کر لیا، جس کا مقصد اس تباہ کن تنازع کو ختم کرنا ہے جس میں دسیوں ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، فلسطینی علاقے کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے اور ایک بڑے انسانی بحران نے جنم لیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اس معاہدے پر جمعرات کو دستخط کیے جائیں گے، جس کے تحت قیدیوں اور یرغمالیوں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ غزہ میں انسانی امداد کے بڑے پیمانے پر داخلے کی اجازت دی جائے گی، یہ اقدام دو سال سے جاری نسل کشی کے بعد کیا جا رہا ہے، جو اس وقت شروع ہوئی تھی جب تل ابیب نے اکتوبر 2023 میں حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد فلسطینی علاقے پر بمباری شروع کی تھی۔