کانگریس کے رہنما ایچ ڈی رنگناتھ نے دہلی دھماکے پر ہونے والی تحقیقات پر سوالات اٹھا دیئے

Published On 11 November,2025 04:25 am

نیودہلی: (دنیا نیوز) کانگریس کے رہنما ایچ ڈی رنگناتھ نے دہلی دھماکے پر ہونے والی تحقیقات پر سوالات اٹھا دیئے۔

کانگریس کے رہنما ایچ ڈی رنگناتھ نے بھارتی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا وزیر داخلہ کا ایک کار میں ہونے والے سی این جی دھماکے کے مقام کا دورہ کرنا ایک انوکھی مثال ہے، دوسرا یہ کہ علاقے کو سیل کئے بغیر امونیم نائٹریٹ کے حوالے سے تحقیقات کرنا غلط ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تیسرا یہ کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور میڈیا کوریج کے باعث کار کے بارے میں معلومات جلد سامنے آجانی چاہئے تھی۔

یاد رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے، بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ دھماکہ لال قلعہ میٹرو سٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے نزدیک کھڑی ایک گاڑی میں ہوا تھا۔

ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی تھیں، دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد 6 گاڑیاں اور 3 رکشے آگ کی لپیٹ میں آگئے تھے، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والے 9 افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، بھارتی میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ 15 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، ابتدائی امداد جاری ہے، 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے، ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعد دہلی میں سکیورٹی کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔