جاپانی عسکریت پسندی کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیں گے: چین

Published On 19 November,2025 04:33 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی جاپانی عسکریت پسندی کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دے گا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ چین جاپان کو دوبارہ اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کرنے اور اسے دوسروں کے خلاف جارحیت کے لئے بروئے کار لانے کی اجازت نہیں دے گا اور نہ ہی چین کسی کودوسری جنگ عظیم کے بعد کے بین الاقوامی نظام کو چیلنج کرنے اور عالمی امن و استحکام کو دوبارہ کبھی نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گا۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی ترجمان کا یہ بیان کئی جاپانی عہدیداروں کے اس عندیہ کے بعد سامنے آیا ہے کہ جاپان اپنی سیلف ڈیفنس فورسز کی صفوں میں ردوبدل کرنے اور اس وقت کے امپیریل جاپانی آرمی رینک ٹائٹلز کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

چینی ترجمان نے مزید کہا کہ جاپانی عسکریت پسندی کی جارحیت نے ایشیا اور دنیا کو گہرے مصائب سے دوچار کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ جنگ کے نتائج کو بھول جاتے ہیں وہ خود کو سنگین خطرے میں ڈالیں گے۔