ویٹیکن: (ویب ڈیسک) کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو کل اپنے پہلے غیرملکی دورے پر ترکیہ اور لبنان روانہ ہوں گے، جہاں وہ خطے میں امن کے لئے اپیلیں کرنے اور عرصہ دراز سے تقسیم کا شکار مسیحی برادریوں کے اتحاد پر زور دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ لیو 27 نومبر سے 2 دسمبر تک جاری رہنے والے اس دورے میں غیر ملکی حکومتوں سے اپنے ابتدائی خطابات کریں گے اور متعدد ثقافتی اور مذہبی طور پر حساس مقامات کا دورہ کریں گے۔
پوپ فرانسس، جو لیو کے پیش رو تھے، بھی یہ دورہ کرنا چاہتے تھے مگر خراب صحت کے باعث نہ کرسکے، ان کا 21 اپریل کو انتقال ہوا اور 8 مئی کو دنیا بھر کے کارڈینلز نے شکاگو سے تعلق رکھنے والے لیو کو نیا پوپ منتخب کیا۔
پوپ لیو 27 سے 30 نومبر تک ترکیہ میں قیام کے دوران آرتھوڈوکس مسیحیوں کے روحانی پیشوا پیٹریارک بارثولومیو کے ساتھ مشترکہ تقریبات میں شرکت کریں گے، دنیا بھر میں آرتھوڈوکس مسیحیوں کی تعداد تقریباً 260 ملین ہے اور ان کی رہائش گاہ استنبول میں ہے۔



