ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یورپی یونین کا یوکرین امن منصوبہ غیر تعمیری قرار دیدیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے کہا کہ امن منصوبے سے متعلق بہت سی قیاس آرائیاں موجود ہیں اور روس صرف وہ معلومات قابل اعتماد سمجھتا ہے جو براہ راست امریکا سے موصول ہوں۔
انہوں نے کہا کہ الاسکا میں زیر بحث آنے والے منصوبے کی کئی شقیں روس کے لئے قابل قبول ہیں، رپورٹس کے مطابق یورپی منصوبہ امریکا کے 28 نکاتی امن منصوبے میں تبدیلیوں کی تجویز دیتا ہے، جن میں یوکرین کی فوج یا دفاعی صلاحیت پر پابندی نہ لگانا شامل ہے جبکہ امریکی منصوبے میں یوکرین کی افواج کی تعداد 6 لاکھ تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا، یوکرین اور یورپی یونین کے نمائندوں کی جنیوا میں ہونے والی مشاورت کے بعد مسودے کو 28 سے کم کر کے 19 نکات تک محدود کر دیا گیا ہے۔
یوری اوشاکوف نے کہا کہ امریکا جلد روس سے رابطہ کرے گا تاکہ امن منصوبے کی تفصیلات پر بات چیت کی جا سکے تاہم حتمی شیڈول ابھی طے نہیں ہوا۔



