یوکرینی فورسز کے بیلگورود ریجن پر 60 سے زائد ڈرون حملے، خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

Published On 25 November,2025 11:30 pm

ماسکو: (شاہد گھمن) یوکرین کی جانب سے روس کے سرحدی علاقے بیلگورود ریجن پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈرون حملوں اور گولہ باری میں اضافہ ہوا ہے۔

علاقائی آپریشنل ہیڈکوارٹرز کے مطابق بیلگورود کے مختلف اضلاع پر 60 سے زیادہ ڈرون حملے کیے گئے جبکہ 15 سے زائد گولہ بارود بھی داغا گیا۔

ضلع بیلگورود کے گاؤں مالینووکا، اکتیا برْسکی، بیسونوفکا، استریلتسکوئے اور ٹولوکونّوئے حملوں کی زد میں آئے، بیسونوفکا میں ایک شخص ڈرون حملے میں زخمی ہوا جسے طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا جبکہ صبح کے وقت اکتیا برسکی میں دو شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی گئی۔

حکام کے مطابق متعدد گھروں، کاروباری عمارتوں، ایک انتظامی عمارت اور رہائشی فلیٹس کو نقصان پہنچا، بورسوو، والوئیکی، وولوکونووسکی، گریوورون اور شِیبیکینو سمیت کئی اضلاع میں ڈرون حملوں سے املاک کو وسیع پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

کرسنو یارُژسکی ضلع میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اس وقت جاں بحق ہوگئیں جب ایک ڈرون ان کی گاڑی سے ٹکرایا جبکہ ایک مرد زخمی حالت میں ہسپتال میں زیرِعلاج ہے۔

شِیبیکینو ضلع میں بھی ایک ڈرون حملے کے باعث ایک خاتون زخمی ہوئیں اور متعدد اپارٹمنٹس کی کھڑکیاں اور فیساد متاثر ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں پر حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور فضائی دفاعی نظام نے کئی ڈرون مار گرائے، تاہم شہری آبادی اور تنصیبات کو ہونے والے نقصان کے باعث صورتحال تشویشناک ہے۔